0

ایران جوہری ڈیل کے لیے تیار ہے، تہران کو ایٹمی صلاحیت نہیں حاصل کرنے دیں گے: صدر ٹرمپ

نیا محاذ:دوحہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کے لیے آمادہ ہو چکا ہے، لیکن امریکا تہران کو جوہری صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت خوش قسمت ہے کیونکہ قطری امیر اس کی حمایت میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کے اپنے حالیہ دورے کو “تاریخی” قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس دوران امریکا نے ٹریلین ڈالرز کے تجارتی معاہدے کیے ہیں، جو امریکی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان معاہدوں سے امریکا میں 30 سے 40 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جس سے نہ صرف بیروزگاری میں کمی آئے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔
بھارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت میں کاروبار کرنا مشکل ہے کیونکہ وہاں کے ٹیرف (محصولات) دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، اس وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کی بہترین اور طاقتور ترین فوج موجود ہے اور کوئی بھی طاقت امریکا کو شکست نہیں دے سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں