نیا محاذ: واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ سیزفائر برقرار رہے گی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ٹامی پگٹ نے اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ دونوں ملکوں کی جانب سے جنگ بندی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست بات چیت ہو تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں فریقین کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ بات چیت کے ذریعے اپنے اختلافات کو دور کریں۔
ٹامی پگٹ نے یہ بھی کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے داعی ہیں اور ہر اس کوشش کو سراہتے ہیں جو عالمی امن کے قیام کی طرف لے جائے۔ ان کے بقول، ٹرمپ انتظامیہ چاہتی ہے کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم ہو اور دونوں جوہری طاقتیں تحمل کا مظاہرہ کریں۔
یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران جب پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا، تب امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں سے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا، جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
