0

امریکہ اور یو اے ای کے تعلقات میں نئی پیش رفت، مصنوعی ذہانت کے میدان میں بڑا معاہدہ

ابوظہبی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےیو اے ای کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ابو ظہبی کے صدارتی محل “قصر الوطن” میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران کہی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکہ اور یو اے ای کے درمیان دوستی مزید مضبوط اور پائیدار ہو گی۔ انہوں نے یو اے ای کی جانب سے 1.4 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس وعدے کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بھرپور محنت کرے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں باہمی تعاون پر بھی بات چیت کی۔ صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ یو اے ای عالمی سطح پر AI لیڈر بننے کے خواہاں ہے، اور اسی مقصد کے لیے ایک ابتدائی معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت یو اے ای ہر سال این ویڈیا (Nvidia) کی 5 لاکھ جدید AI چپس درآمد کرے گا۔
یہ معاہدہ نہ صرف یو اے ای میں جدید ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر اور AI ماڈلز کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا بلکہ مشرق وسطیٰ میں ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز بھی کرے گا۔ تاہم امریکی حکومتی اداروں کے کچھ حلقے اس معاہدے پر قومی سلامتی سے متعلق خدشات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں