لاہور (نیا محاذ):
ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے باعث ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق آج سے 20 مئی تک پنجاب اور دیگر علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران شدید گرمی کے باعث شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ رہیں اور تمام متعلقہ ادارے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 19 مئی کی شام مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ پنجاب میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں 19 اور 20 مئی کے دوران بارش کی توقع بھی کی جا رہی ہے، تاہم اس سے گرمی میں وقتی کمی آئے گی۔
ادھر سندھ، بلوچستان، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگوں کو خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ پانی استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہا جا سکے۔
