0

وزیراعظم شہباز شریف کا آپریشن بنیان مرصوص کے فرنٹ لائنز کا دورہ، افواج پاکستان کو خراج تحسین

راولپنڈی (نیا محاذ):
وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کے فرنٹ لائنز کا دورہ کیا اور اس دوران پاک فوج کے بہادر جوانوں اور افسران سے ملاقات کی۔ اس دورے میں انہوں نے افواج پاکستان کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے بے پناہ وفاداری کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے سیالکوٹ میں پسرور چھاؤنی کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ائیر چیف ظہیر احمد بابر، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا تارڑ اور کور کمانڈر سیالکوٹ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام موجود تھے۔
وزیراعظم کو پاک بھارت جنگ اور کور کی موجودہ آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے مسلح افواج کی تاریخی شجاعت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے چند گھنٹوں میں دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ “اللہ کے فضل سے ہماری افواج نے دشمن کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا، ان کی جارحیت کو ہماری شاہینوں اور سپوتوں نے ایک انچ بھی آگے نہ بڑھنے دیا۔ یہ صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کے حوصلے کی جیت ہے۔”
انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
“سمجھوتہ ایکسپریس پر حملہ، مکتی باہنی کی تربیت اور پاکستان کا پانی روکنے کی سازشیں پوری دنیا کے سامنے ہیں، اگر بھارت نے پانی بند کرنے کا سوچا بھی تو وہ ہماری سرخ لکیر ہے۔”
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم آئندہ چند دنوں میں پاک فضائیہ اور بحریہ کے بیسز کا بھی دورہ کریں گے اور افسران و جوانوں سے ملاقات کر کے ان کے جذبے کو سراہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں