0

نئے بجٹ میں کیپیٹل گین ٹیکس میں 25 فیصد اضافے کی تیاری، پراپرٹی مالکان کیلئے بڑا جھٹکا

اسلام آباد (نیا محاذ – راشد ہاشمی):
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پراپرٹی کی فروخت پر کیپیٹل گین ٹیکس (CGT) میں نمایاں اضافہ کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس سے رئیل اسٹیٹ کے سرمایہ کاروں اور پراپرٹی مالکان کو بڑا جھٹکا لگ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپیٹل گین ٹیکس کی موجودہ شرح 15 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس اقدام کا مقصد پراپرٹی سے حاصل ہونے والے اربوں روپے کے منافع پر بہتر انداز میں ٹیکس وصولی کو یقینی بنانا ہے۔ تجویز ہے کہ سی جی ٹی کی شرح کو کارپوریٹ سیکٹر کے انکم ٹیکس کے برابر کر دیا جائے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس وقت پراپرٹی کی خرید و فروخت پر معمولی شرح سے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، حالانکہ اس شعبے میں ہر سال لاکھوں روپے کا منافع کمایا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ٹیکس میں اضافے کا وقت ہے تاکہ آمدن کے مطابق ٹیکس کا نظام نافذ ہو سکے، تاہم اس اقدام سے پراپرٹی ٹرانزیکشنز میں ممکنہ کمی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر ایف بی آر کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آئی ایم ایف سے آئندہ بجٹ میں محصولات اور اخراجات کے حوالے سے ورچوئل مذاکرات جاری ہیں۔ مجوزہ بجٹ میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا ہدف 11 فیصد جبکہ اخراجات بلحاظ جی ڈی پی 20.3 فیصد مقرر کرنے کی تجاویز ہیں۔
آئی ایم ایف کے ساتھ یہ مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے، اور ان میں وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے نمائندگان شریک ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں