کیلیفورنیا (نیا محاذ):
دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنے عالمی ملازمین میں سے 3 فیصد عملے کو ملازمتوں سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کمپنی کی کارکردگی کو مؤثر بنانا اور انتظامی ڈھانچے میں بہتری لانا بتایا گیا ہے۔
ترجمان مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کمپنی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ملازمین پر لاگو ہوگا، اور یہ اقدام مارکیٹ میں کمپنی کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے ناگزیر تھا۔
یاد رہے کہ مائیکرو سافٹ نے گزشتہ سال 2023 میں بھی 10 ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کیا تھا۔ حالیہ چند برسوں میں نہ صرف مائیکرو سافٹ بلکہ دیگر بڑی ٹیک کمپنیز نے بھی معاشی دباؤ، مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری اور وبا کے دوران کی گئی ضرورت سے زیادہ بھرتیوں کو جواز بنا کر بڑے پیمانے پر ملازمتوں میں کٹوتی کی ہے۔
ماہرین کے مطابق کمپنیوں کو درپیش مالی اور تکنیکی چیلنجز کی روشنی میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ طویل مدت میں کاروباری توازن اور منافع میں بہتری لائی جا سکے۔
مزید برآں، مائیکرو سافٹ نے حال ہی میں ایکس باکس کنسولز کی قیمتوں میں اضافہ کیا اور کم قیمت سرفیس لیپ ٹاپس کی تیاری ختم کرنے کا اعلان بھی کیا، جسے کمپنی کے نئے منافع بخش ماڈل کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
