لاہور (نیا محاذ):
باغبانپورہ کے علاقے میں پیش آنے والے المناک حادثے میں ڈمپر تلے دب کر جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کے واقعے پر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کے خلاف قتل باالسبب اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ڈرائیور پر غفلت، لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور قتل باالسبب سمیت کئی دفعات کا اطلاق کیا گیا ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایل ڈبلیو ایم سی (Lahore Waste Management Company) کے ایک تیز رفتار ڈمپر نے سڑک کنارے کھڑے لوگوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور چار شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈمپر ڈرائیور نے انتہائی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔
واقعے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ملزم کے بارے میں معلومات ہوں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
متاثرہ خاندانوں کا مطالبہ ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ انصاف کا تقاضا پورا ہو سکے۔
