کراچی (نیا محاذ):
شہر قائد کے علاقے پاک کالونی میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ جہان آباد میں اس وقت پیش آیا جب اہلکار سرچ آپریشن میں مصروف تھے۔ اس دوران مشتبہ افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس پر اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ جھڑپ کے دوران ایک ملزم گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، جسے قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ردعمل یا جرائم کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
