کراچی (نیا محاذ):
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی اتار چڑھاؤ کا رجحان برقرار رہا، ٹریڈنگ کے آغاز پر منفی رجحان دیکھنے میں آیا تاہم بعد ازاں مارکیٹ نے خود کو سنبھال لیا اور مثبت زون میں داخل ہو گئی۔
مارکیٹ کے آغاز پر 100 انڈیکس 200 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1,18,200 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ تاہم کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھنے کو ملا اور انڈیکس 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1,19,157 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ 1,278 پوائنٹس کے شاندار اضافے کے ساتھ 1,18,575 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا دکھائی دیا تھا۔
ادھر انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ڈالر 10 پیسے سستا ہو کر 281.67 روپے سے کم ہو کر 281.57 روپے پر آ گیا ہے، جو ملکی کرنسی کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ عالمی مالیاتی اداروں سے جاری مذاکرات اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے تناظر میں ہو رہا ہے، جس کا سرمایہ کاروں پر براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔
