نوشکی (نیا محاذ):
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے گلنگور سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد ان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ لیویز حکام کے مطابق مقتولین کا تعلق پنجاب سے ہے، جنہیں چند روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، نوشکی کے نواحی علاقے سے منگل کے روز چار افراد کی لاشیں ملیں جنہیں ضابطے کی کارروائی کے لیے نوشکی ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعدازاں اسپتال حکام نے لاشوں کی شناخت کر لی، جن میں دو افراد، معین اور حذیفہ کا تعلق پاکپتن سے جبکہ دیگر دو، عمران علی اور عرفان علی، رحیم یار خان سے تعلق رکھتے تھے۔
لیویز فورس کے مطابق تمام مقتولین گیس باؤزر پر بطور ڈرائیور اور کلینر کام کرتے تھے۔ انہیں احمد وال کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا اور اب ان کی لاشیں انتہائی افسوسناک حالت میں ملی ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اغوا و قتل میں ملوث عناصر کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور قابل افسوس قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
