0

چین کا اسٹریٹجک معدنی وسائل کی اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

بیجنگ: (نیا محاذ) چین نے اسٹریٹجک معدنی وسائل کے غیر قانونی اخراج اور اسمگلنگ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان قیمتی معدنیات کی برآمدات پر کنٹرول قومی سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ترجمان کے مطابق، حالیہ دنوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچھ غیر ملکی کمپنیاں مقامی افراد کی ملی بھگت سے چین کی برآمدی پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے ذریعے ان وسائل کو ملک سے باہر لے جانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے چین نے جامع کریک ڈاؤن مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت غیر قانونی سرگرمیوں جیسے غلط اعلان، معدنیات کو چھپانے اور تیسرے ممالک کے راستے برآمد کرنے کی کوششوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کسٹمز حکام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ معائنہ اور نگرانی کے عمل کو مزید سخت کریں تاکہ ان غیر قانونی نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا جا سکے جو اسٹریٹجک وسائل کی غیر قانونی برآمدات میں ملوث ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ آنے والے دنوں میں ان سرگرمیوں کے خلاف مزید سخت ایکشن لیا جائے گا تاکہ قومی مفادات کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں