(نیا محاذ)کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ کی ایک اور بلند سطح کو چھو لیا، جہاں کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 120,067 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کا اعتماد حکومتی معاشی پالیسیوں، آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات اور مثبت معاشی اشاریوں کی بنیاد پر بڑھا ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں بھاری سرمایہ کاری دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا اور 10,123 پوائنٹس اضافے کے ساتھ انڈیکس 117,297 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
سرمایہ کار حلقوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یہ اضافہ نہ صرف اعتماد کی علامت ہے بلکہ مستقبل قریب میں ملکی معیشت کے استحکام کی امید بھی بڑھا رہا ہے۔
