0

امریکا کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں عائد، جوہری تحقیق کا معاملہ

واشنگٹن: (نیا محاذ) امریکہ نے ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جن کا تعلق جوہری ہتھیاروں کی مبینہ تیاری سے جوڑا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام ایران کی جوہری تحقیق و ترقی کے شعبے پر دباؤ بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ نے ایران کے تین افراد اور ایک ادارے پر پابندیاں لگائی ہیں۔ نامزد ادارے کا نام “فویاپرس پراسپیکٹیو ٹیکنالوجیسٹ” ہے، جس کے ساتھ منسلک تین افراد مبینہ طور پر ایران کی وزارت دفاع کے تحت کام کرنے والے تحقیقی ادارے ایس پی این ڈی (SPND) سے منسلک ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق یہ اقدام ایس پی این ڈی کی جوہری ہتھیاروں سے متعلق تحقیق اور ٹیکنالوجی میں ترقی کی صلاحیت کو روکنے اور تاخیر کا شکار بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
پابندیوں کے تحت امریکہ میں ان افراد اور ادارے کے تمام اثاثے منجمد کیے جا سکیں گے، جبکہ امریکی شہریوں اور کمپنیوں پر ان کے ساتھ کسی قسم کے کاروباری روابط قائم کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر ایران کے جوہری پروگرام پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور مغربی طاقتیں اس پر شفافیت اور نگرانی کے مطالبات کر رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں