0

مارک زکربرگ کی حیران کن پیشگوئی: مستقبل میں AI دوستوں اور تھراپسٹ کی جگہ لے گی

کیلیفورنیا: (نیا محاذ) میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت (AI) ہماری زندگیوں کا ایسا حصہ بن جائے گی جو دوستوں، کاروباری مشیروں، تھراپسٹ اور دیگر سماجی کرداروں کو پیچھے چھوڑ دے گی۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایک کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے زکربرگ نے کہا کہ آنے والے برسوں میں لوگ اپنی تنہائی کو دور کرنے اور بہتر سماجی تعلقات کے لیے AI چیٹ بوٹس کا سہارا لیں گے، کیونکہ روزمرہ کی مصروفیات کے باعث زیادہ دوست بنانا اور ان سے رابطے میں رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
مارک زکربرگ نے 2021 کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اوسطاً ہر امریکی شہری کے صرف تین یا اس سے بھی کم قریبی دوست ہوتے ہیں، جبکہ ہر فرد کم از کم 15 افراد سے دوستی کی خواہش رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ AI ٹیکنالوجی ان افراد کے لیے بہترین حل ہوگی جو یا تو سماجی رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں یا انہیں تھراپی اور ذہنی صحت کی سہولیات دستیاب نہیں ہوتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ AI دوست حقیقی رشتہ داروں سے زیادہ بہتر طریقے سے کسی فرد کی پسند، ناپسند اور مزاج کو سمجھ سکتے ہیں، اور یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں انسانی تعلقات کی نوعیت کو یکسر بدل کر رکھ دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں