ممبئی: (نیا محاذ) بالی وڈ کے دبنگ سٹار سلمان خان کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر خوشی کا اظہار مہنگا پڑ گیا۔ اداکار کو اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی جب بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے 5 جنگی طیارے، جن میں 3 رافیل شامل تھے، تباہ کر دیے۔ پاکستانی کارروائی نے بھارتی دفاعی نظام کو مفلوج کر دیا اور بھارت کو جنگی نقصان کا اعتراف بھی کرنا پڑا۔
اس صورتحال کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا اور بتایا کہ امریکہ کی ثالثی میں دونوں ممالک نے سیز فائر پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس پیشرفت پر جہاں دنیا بھر سے مختلف ردعمل سامنے آیا، وہیں سلمان خان نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹویٹ کیا: “جنگ بندی کے لیے اللہ کا شکر ہے۔”
تاہم یہ پیغام بھارتی قوم پرستی کے جذبات رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین کو سخت ناگوار گزرا اور سلمان خان پر تنقید کی بوچھاڑ شروع ہو گئی۔ انہیں پاکستان کی حمایت کرنے کا الزام دیا گیا، جس کے بعد انہیں اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی۔
یہ واقعہ بھارت میں اظہار رائے کی محدود آزادی اور قوم پرستانہ جذبات کی شدت کو بھی اجاگر کرتا ہے، جہاں امن کی بات کرنا بھی بعض اوقات تنازع کا باعث بن جاتا ہے۔
