0

جنگ بندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی، 100 انڈیکس 117 ہزار کی سطح عبور کر گیا

کراچی: (نیا محاذ) پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے لگا، جس کے اثرات پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی کی صورت میں دیکھے گئے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے دن اسٹاک مارکیٹ کا آغاز ہی شاندار انداز میں ہوا۔ صرف چند منٹوں میں 9000 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 100 انڈیکس 1 لاکھ 17 ہزار 104 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اس غیر معمولی تیزی پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے روک دیا تاکہ مارکیٹ میں استحکام پیدا کیا جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق 8.48 فیصد اضافے کے بعد 100 انڈیکس 9475 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 16 ہزار 650 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جس پر مارکیٹ کو عارضی طور پر معطل کیا گیا۔
ایک گھنٹے بعد ٹریڈنگ دوبارہ بحال کر دی گئی، اور مارکیٹ میں مثبت رجحان کا تسلسل برقرار رہا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتامی روز بھی انڈیکس میں 3647 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس سے مارکیٹ 1 لاکھ 7 ہزار 174 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
ادھر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، امریکی کرنسی 31 پیسے سستی ہو کر 281.40 روپے پر آ گئی۔

یہ صورتحال معیشت کے لیے خوش آئند قرار دی جا رہی ہے اور سرمایہ کار حلقے آئندہ دنوں میں مزید بہتری کی امید کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں