بیجنگ: (نیا محاذ) چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی بیڈو نے ایک ایسا حیران کن منصوبہ شروع کیا ہے جس کا مقصد جانوروں کی آوازوں کو انسانوں کی زبان میں ترجمہ کرنا ہے۔ کمپنی نے اس جدید نظام کے لیے پیٹنٹ بھی دائر کر دیا ہے۔
بیڈو کے اس سسٹم میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کیا جائے گا جو جانوروں کی آوازیں، جسمانی حرکات، اور جذباتی کیفیات کو یکجا کر کے ان کے جذبات کو انسانی زبان میں منتقل کرے گا۔ اس سسٹم کا بنیادی مقصد انسانوں اور جانوروں کے درمیان مؤثر اور جذباتی رابطے کو ممکن بنانا ہے۔
یہ سسٹم نہ صرف جانوروں کی آوازوں کو ریکارڈ کرے گا بلکہ ان کے رویے اور جسمانی حرکات کا بھی باریک بینی سے تجزیہ کرے گا، جس کے بعد AI ان تمام سگنلز کو ملا کر جانور کی حالتِ جذبات کو انسانوں تک قابل فہم انداز میں پیش کرے گا۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس پیشرفت سے انسان اپنے پالتو جانوروں کی ضروریات اور مسائل کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے، اور یہ ایجاد جانوروں کی فلاح و بہبود میں انقلابی قدم ثابت ہو سکتی ہے۔
دنیا بھر میں محققین طویل عرصے سے جانوروں کی زبان سمجھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اور بیڈو کی یہ کاوش اس خواب کو حقیقت کے قریب لا رہی ہے۔
