0

پی ایس ایل سیزن 10 کے باقی میچز ملتوی، پی سی بی کا اہم فیصلہ

اسلام آباد: (نیا محاذ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ آٹھ میچز کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کے مشورے کے بعد کیا گیا، جنہوں نے موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر یہ تجویز دی۔ بھارت کی جانب سے لاپرواہ اور اشتعال انگیز اقدامات نے ملک کو ایک سنگین موڑ پر لا کھڑا کیا ہے جہاں پوری قوم کی توجہ اور جذبات پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں کی جانب مرکوز ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ شہداء کے خاندانوں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ بورڈ نے کھلاڑیوں، فرنچائزز، براڈکاسٹرز، اسپانسرز اور دیگر شراکت داروں کی خدمات کو سراہا جنہوں نے لیگ کے پرامن انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ خوشی، امید اور اتحاد کی علامت ہے، لیکن ایسے نازک وقت میں احترام اور ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ ہم ایک وقفہ لیں۔ بورڈ نے غیر ملکی کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے خدشات کو بھی مدنظر رکھا ہے، جو ان کی خیریت کے لیے فکرمند ہیں۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے نئے شیڈول کا اعلان حالات معمول پر آنے کے بعد کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل پی سی بی نے لیگ کو پاکستان سے دبئی منتقل کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کی غیر معمولی صورتحال کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں