0

پاکستان کا سائبر حملہ، بی جے پی سمیت درجنوں بھارتی سرکاری ویب سائٹس ہیک

اسلام آباد: بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی جوابی کارروائیاں صرف میدان جنگ تک محدود نہیں رہیں بلکہ سائبر محاذ پر بھی پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستانی سائبر اٹیکرز نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی سمیت درجنوں اہم بھارتی ویب سائٹس کو ہیک کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیک کی جانے والی ویب سائٹس میں بی جے پی کی آفیشل سائٹ، کرائم ریسرچ انویسٹی گیشن ایجنسی، مہا نگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ اور دیگر سرکاری ادارے شامل ہیں۔ ان سائٹس کا مکمل ڈیٹا مٹا دیا گیا ہے۔
پاکستانی سائبر ٹیم نے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سیکیورٹی فورسز، یونیک آئیڈینٹیفیکیشن اتھارٹی آف انڈیا (آدھار کارڈ کا نگران ادارہ) کا ڈیٹا بھی لیک کر دیا ہے، جبکہ انڈین ایئر فورس اور مہاراشٹر الیکشن کمیشن کی ویب سائٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2500 سے زائد بھارتی نگرانی کے کیمرے بھی ہیک کر لیے گئے ہیں، جن سے حاصل شدہ ویڈیوز اور ڈیٹا بھی غیر محفوظ ہو چکا ہے۔
اس کے علاوہ، پاکستان کی سائبر ٹیم نے مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ کو ہیک کر کے ریاست بھر میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی۔ اس حملے کے نتیجے میں ریاست کے تمام کمرشل اور ڈومیسٹک میٹرز کا ریکارڈ ضائع ہو گیا ہے، جس سے بھارتی انتظامیہ کو شدید دھچکا لگا ہے۔
پاکستانی سائبر ایکسپرٹس نے اس کارروائی کو بھارت کی جارحیت کا ڈیجیٹل جواب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ کسی بھی حملے کی صورت میں سائبر وار کی شدت اور دائرہ مزید بڑھا دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں