اسلام آباد: (نیا محاذ) مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے بڑی خوشخبری، حکومت نے فیول ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی بنیادوں پر بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر ایک روپے 83 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جو دو مختلف مدات پر لاگو ہوگی۔ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 28 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے جس کا اطلاق رواں ماہ کے لیے ہوگا۔
جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ایک روپے 55 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کی گئی ہے، جو مئی، جون اور جولائی 2025 کے مہینوں پر لاگو ہوگی۔
اس کمی کے باعث لاکھوں صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف ملنے کا امکان ہے، جس سے نہ صرف گھریلو صارفین کو فائدہ ہوگا بلکہ صنعتی و تجارتی صارفین پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
