0

بھارتی میزائل حملوں کے بعد پاکستان میں فضائی ایمرجنسی، فلائٹ آپریشن معطل

لاہور: (نیامحاذ) بھارت کی جانب سے پاکستان کے فضائی اڈوں پر میزائل حملوں کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملک بھر کی فضائی حدود میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے تمام ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے۔
ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق فضائی حدود آج دوپہر 12 بجے تک بند رکھی جائے گی، اور اس ضمن میں باضابطہ طور پر نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا گیا ہے تاکہ تمام قومی و بین الاقوامی پروازوں کو بروقت اطلاع دی جا سکے۔
دوسری جانب ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ہنگامی پریس بریفنگ میں انکشاف کیا کہ بھارت نے پاکستان کے تین اہم ایئر بیسز — نور خان، مرید اور شورکوٹ — پر فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں سے حملے کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے نور خان ایئر بیس چکلالہ کے قریب حملے کی کوشش بروقت ناکام بنائی، اور پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی جارحیت اور دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا، اور دشمن کو مؤثر جواب دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں