0

اسحاق ڈار کا دوٹوک مؤقف: بھارت نے پاکستان کو دفاع پر مجبور کیا، آپریشن بنیان مرصوص فتح کی جانب پہلا قدم

اسلام آباد: (نیامحاذ) وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھارت کی مسلسل جارحیت کو پاکستان کے لیے دفاعی کارروائی کی مجبوری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن نے امن کا ہر دروازہ بند کیا، پاکستان کے پاس جوابی کارروائی کے سوا کوئی راستہ نہ بچا۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے انکشاف کیا کہ بھارت کے حملوں میں پاکستان کے 35 شہری شہید ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان نے اب تک دشمن کے 80 ڈرونز مار گرائے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نور خان، شور کوٹ اور سکھر ایئرپورٹ پر حملے بھارتی عزائم کا ثبوت ہیں، اور پاکستان نے جو بھی کارروائی کی، وہ صرف دفاع میں کی گئی۔
اسحاق ڈار نے بھارت کے دوغلے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف امن کی باتیں اور دوسری طرف حملے، یہ “بغل میں چھری، منہ میں رام رام” جیسا رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پے لوڈ پھینکنے والوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، اور یہ کارروائیاں ابھی صرف ابتدائی مرحلہ ہیں۔
وزیر خارجہ نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے: ہم پر الزام تراشی کی گئی، لیکن اب تک کوئی بھی الزام ثابت نہ ہو سکا۔ بھارت نے میڈیا پر صرف جھوٹ بولا، 15 اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی جھوٹ نکلا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، اور یہ فتح کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے۔ اگر دشمن سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرے گا تو پاکستان اپنا دفاع کرنے کا بھرپور حق رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں