0

پشاور میں چار سالہ بچہ اغوا، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

پشاور: پشاور کے علاقے فقیر آباد افغان کالونی میں چار سالہ معصوم محمد یوسف کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار اغوا کر کے لے گیا۔ افسوسناک واقعہ علاقے میں خوف و ہراس کا باعث بن گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچے کے والد رضوان اللہ کی مدعیت میں تھانہ فقیر آباد میں اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران نے فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
ڈی ایس پی فقیر آباد سرکل عمر آفریدی کی نگرانی میں تحقیقی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر شواہد کی مدد سے بچے کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر اغوا کاروں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ اہل علاقہ نے بھی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم یوسف کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں