راولپنڈی: پاک فوج اور فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے تباہ کر دیے ہیں، جبکہ دشمن کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور 6 مہار یونٹ کے بٹالین ہیڈکوارٹر کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے حملوں کا بھرپور جواب دیا۔ ایک طیارہ بھٹنڈا، دوسرا اکھنور، جبکہ تیسرا ایوانتی پورہ کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل مائل کے فاصلے پر گرایا گیا۔ تباہ کیے گئے طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ-29 اور ایک SU-30 شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ تمام طیارے اس وقت مار گرائے گئے جب وہ بھارتی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان پر حملے کی کوشش کر رہے تھے۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے دو ڈرونز کو بھی کوٹلی لوہاراں میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
دشمن کی زمینی پوسٹیں بھی تباہ، فوجی فرار ہونے پر مجبور
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے بھارت کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور 6 مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ گفدار پوسٹ، ڈنا پوسٹ، اور چھتری پوسٹ سمیت متعدد بھارتی پوسٹس نشانے پر آئیں، جس کے بعد بھارتی فوجی مورچے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
جولی پوسٹ اور بڈوری سیکٹر میں دشمن کے 50 فوجیوں نے اپنی پوزیشنیں چھوڑ دیں، جبکہ پیر کانٹی سیکٹر میں 40 سے زائد بھارتی فوجی پوسٹیں خالی کر کے بھاگ نکلے۔ فرار ہوتے فوجیوں پر پاک فوج نے فائرنگ کی، جس سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ کئی بھارتی فوجی تحویل میں بھی لے لیے گئے ہیں۔
ایل او سی پر شکست تسلیم، بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا دیا
ذرائع کے مطابق چورا کمپلیکس میں بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی ہے۔ یہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاک فوج کے جوابی حملے دشمن کے لیے ناقابل برداشت ثابت ہو رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا اعتراف
بھارتی میڈیا نے بھی پاک فضائیہ کی کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ تین بھارتی جنگی طیارے پاکستانی افواج نے مار گرائے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی گولہ باری سے 7 بھارتی فوجی ہلاک اور 35 زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مؤقف
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پہلے ہی انکشاف کیا تھا کہ بھارتی فوج نے رات کے اندھیرے میں احمدپور شرقیہ، کوٹلی، مظفرآباد، باغ، اور مریدکے جیسے علاقوں پر بزدلانہ حملے کیے۔ ان حملوں کے جواب میں پاکستان نے بھرپور عسکری طاقت کا مظاہرہ کیا.
