اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ممکنہ جنگی خطرات نے توانائی کی طلب سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے تیل اور گیس کی خریداری میں دلچسپی دکھائی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ قدرتی گیس کی قیمتوں میں بھی دو فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، برینٹ خام تیل 62 ڈالر 52 سینٹس فی بیرل کی سطح پر پہنچ چکا ہے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 59 ڈالر 54 سینٹس فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔
ادھر قدرتی گیس کی قیمت 3 ڈالر 55 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو تک جا پہنچی ہے، جو مارکیٹ میں اضطراب کی نشاندہی کر رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی جاری رہی تو توانائی کی قیمتیں مزید اتار چڑھاؤ کا شکار ہو سکتی ہیں، جس کے عالمی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔
