پیرس: پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے تین رافیل طیارے اور مجموعی طور پر پانچ جنگی طیاروں کی تباہی کے بعد فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی ڈیسالٹ ایوی ایشن کو مالی نقصان کا سامنا ہے، اور اس کے شیئرز یورپی مارکیٹ میں منفی رجحان کا شکار ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق، اسٹاک مارکیٹس میں ڈیسالٹ کے شیئرز کی قدر میں 1.64 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ معاشی ماہرین اس کمی کو براہِ راست رافیل طیاروں کی بھارتی فضائیہ میں ناکامی سے جوڑ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ رافیل طیارے جدید ترین جنگی ٹیکنالوجی کے حامل تصور کیے جاتے ہیں اور بھارت نے حال ہی میں فرانس سے مزید 26 رافیل ایم جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔
واقعے کے بعد نہ صرف بھارت کی دفاعی پالیسی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی رافیل کی کارکردگی پر تنقید کی جا رہی ہے۔ متعدد بھارتی تجزیہ کاروں اور دفاعی ماہرین نے اپنی حکومت کی فضائی دفاعی حکمت عملی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران ڈیسالٹ کے شیئرز میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا تھا، جو پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد اچانک مندی کا شکار ہو گئے۔
