ممبئی: بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں کیے گئے بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو شدید جانی و مالی نقصان پہنچایا، جس کے بعد بھارت کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا اور متعدد اہم ہوائی اڈے بند کر دیے گئے۔
بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے کوٹلی، مظفرآباد، باغ، اور پاکستان کے مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ ایک معصوم بچی سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہو گئے۔
پاکستانی افواج نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے تین رافیل، ایک سکھوئی، ایک مگ 29 طیارہ اور ایک ڈرون تباہ کر دیا، جبکہ بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اس کامیاب کارروائی کے بعد بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی۔
پاکستان کے ائیرپورٹس پر بھی فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، تاہم زیادہ اثر بھارت کے فلائٹ آپریشن پر پڑا۔ کشیدہ صورتحال کے باعث بھارت نے ہماچل پردیش کے دھرم شالہ، لیہہ، جموں، سری نگر، امرتسر، چندی گڑھ، راجکوٹ، بھج، جام نگر اور بیکانیر کے ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بند کر دیا۔
بھارتی ایئر لائنز نے اپنی منسوخ شدہ پروازوں کے بارے میں عوام کو سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا۔ ماہرین کے مطابق بھارتی حکومت پر اندرونی و بیرونی دباؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
