0

بہاولپور پر بھارتی جارحیت، متعدد شہری شہید، علاقہ سراپا احتجاج

بہاولپور: بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ رات بہاولپور کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس بزدلانہ حملے میں متعدد شہری شہید جبکہ کئی زخمی ہو گئے، جس کے بعد شہر بھر میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بھارتی فضائیہ نے رات کے وقت بہاولپور کے نواحی علاقوں پر بمباری کی، جس میں کئی رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں اپنی مدد آپ کے تحت شروع کیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حملے میں اب تک کم از کم 6 شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 14 سے زائد زخمی ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی حملے کے فوراً بعد بھرپور جوابی کارروائی کی، جس سے دشمن کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ادھر بہاولپور میں شہریوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جنگی جنون کا نوٹس لے اور خطے میں امن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں