0

بھارتی سائبر حملوں کا خدشہ، کابینہ ڈویژن نے تمام اداروں کو خبردار کر دیا

اسلام آباد: بھارتی سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر کابینہ ڈویژن نے تمام سرکاری ڈویژنز کو ایک اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستانی حکام کو نشانہ بنانے والی ایک فشنگ مہم سامنے آئی ہے، جس کے پیچھے مبینہ طور پر بھارتی سائبر گروپ “سائیڈ ونڈر” کا ہاتھ ہے۔ یہ گروپ پچھلے کئی سالوں سے پاکستان میں سرگرم ہے اور فشنگ ای میلز کے ذریعے حساس اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ان ای میلز میں پاکستان کے سائبر سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کا نام استعمال کر کے حکام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے ملازمین کو سوشل انجینئرنگ اور فشنگ حملوں کے خلاف تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ ایسی کسی بھی کوشش کا شکار نہ ہوں۔
مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں کو روکنے کے لیے ای میل فلٹرنگ سلوشنز، اینٹی مالویئر ٹولز اور اسپیم چیک سسٹمز کو فوری طور پر فعال بنایا جائے تاکہ قومی سائبر تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں