کراچی: بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال نے مالیاتی منڈیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز شدید مندی کا شکار ہو گئی، جب ہنڈرڈ انڈیکس میں 6000 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں شدید دباؤ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث انڈیکس گر کر 1,07,007 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم ٹریڈنگ کے دوران قدرے بہتری دیکھنے میں آئی اور انڈیکس نے تقریباً 5 ہزار پوائنٹس کی ریکوری کے بعد 112,457 پوائنٹس پر تجارت شروع کی، جو کہ اختتامی وقت میں صرف 1100 پوائنٹس کم تھی۔
گزشتہ روز مارکیٹ 113,568 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، لیکن آج کے کاروبار میں غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کو محتاط رویہ اپنانے پر مجبور کر دیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شیئرز فروخت کیے گئے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کی جنگی پالیسی اور ممکنہ تنازع کے خطرے نے سرمایہ کاروں کو پریشان کر دیا ہے۔ مارکیٹ میں موجود غیر یقینی صورتحال نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت کی معیشت پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ بھارتی روپیہ بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں گراوٹ کا شکار ہو چکا ہے، جس سے وہاں کی مالیاتی مارکیٹس بھی ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔
تجزیہ کار خبردار کر رہے ہیں کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو دونوں ممالک کی معیشتوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
