اسلام آباد:بھارتی جارحیت : بھارت کے بزدلانہ حملوں پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کی گئی، جس پر پاکستان نے سخت سفارتی مؤقف اپناتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ بھارت کو واضح طور پر خبردار کیا گیا ہے کہ ایسی اشتعال انگیز کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کیلئے شدید خطرہ ہیں۔
بھارت کی بلااشتعال کارروائیاں
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہری علاقوں میں بلااشتعال اور جارحانہ حملے کیے، جو عالمی قوانین اور جنگی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ان حملوں میں مساجد، شہری عمارات، اور آبی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
پاک فوج کا منہ توڑ جواب
واضح رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی حملے کا فی الفور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں بھارت کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں۔ جوابی کارروائی میں بھارتی فوج نے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کی۔
پاکستان کا سفارتی اور دفاعی محاذ پر دوٹوک پیغام
پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ ملکی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور بھارت کو ہر جارحیت کا سخت اور دندان شکن جواب دیا جائے گا، چاہے وہ سفارتی میدان میں ہو یا عسکری سطح پر۔
