0

پہلگام فالس فلیگ میں ناکامی کے بعد بھارت کا بلوچستان میں دہشت گردی کا منصوبہ بے نقاب

اسلام آباد: بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کی پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی ایک اور کوشش بے نقاب ہو گئی، انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں ناکامی کے بعد بلوچستان میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق “را” نے اپنی پراکسی تنظیموں کو بلوچستان کے اہم شہروں گوادر، کوئٹہ اور خضدار میں متحرک کر دیا ہے۔ بھارتی ایجنسی نے بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے، فتنہ الخوارج اور غیرقانونی افغان عناصر کو دہشت گردی کی ہدایات جاری کی ہیں۔
انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو افغانستان سے بلوچستان کے مخصوص علاقوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں ممکنہ اہداف کی ریکی بھی کروائی گئی ہے۔ ان خودکش بمباروں کو گاڑی یا موٹرسائیکل کے ذریعے حملے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام نے مزید انکشاف کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی سرپرستی میں تیار کیے گئے ان خطرناک منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح متحرک ہو چکے ہیں۔ انٹیلی جنس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت کے بلوچستان میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی یہ نئی دہشت گردی کی سازش دراصل پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی عالمی سطح پر رسوائی اور ناکامی کا ردعمل ہے۔ بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلا کر عالمی برادری کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، تاہم پاکستان کے سیکیورٹی ادارے ہر سطح پر چوکنا ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں