واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑیں گے، انہیں واپسی کے لیے ایک ہزار ڈالر اور ٹکٹ فراہم کیا جائے گا۔
میڈیا بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت امریکا کو غیر قانونی تارکین وطن، ڈرگ مافیا اور جرائم پیشہ افراد سے محفوظ بنانا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف صرف ان افراد کو نکالنا ہے جو ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ غزہ کے عوام کے لیے خوراک کی فراہمی میں مدد کرنے جا رہے ہیں، کیونکہ ان کے بقول حماس نے وہاں کے لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وہ فلم انڈسٹری کے چند اہم عہدیداروں سے ملاقات کریں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ٹیرف سے متعلق ان کے نئے اقدامات پر فلم انڈسٹری کو کوئی اعتراض نہ ہو۔
پوپ کے طور پر اپنی ایک وائرل تصویر کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ تصویر محض مذاق کے طور پر بنائی گئی تھی اور وہ اس کے پیچھے موجود کسی مہم سے واقف نہیں ہیں۔
