اسلام آباد: (نیا محاذ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے حالیہ اقدامات اور بیانات سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
یہ بات صدر مملکت نے ایوانِ صدر میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر چیانگ زئے ڈونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی، پہلگام واقعہ اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔
صدر زرداری نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور جارحانہ بیانات پر گہری تشویش ظاہر کی اور کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات خطے میں امن کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر چین کی پاکستان کے ساتھ مسلسل حمایت اور مشکل وقت میں ساتھ دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی برادر ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چین جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
