0

پاک بھارت کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر غور

نیویارک: (نیا محاذ) پاک بھارت کشیدہ تعلقات نے ایک بار پھر عالمی برادری کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر ایونجلوس سیکریس نے ممکنہ ہنگامی اجلاس بلانے پر غور شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا جائزہ لینا ہے۔
ایونجلوس سیکریس نے کہا کہ اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو سلامتی کونسل فوری اجلاس بلا سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نے کسی تیسرے فریق کی مداخلت کی مخالفت کی ہے، تاہم اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت کونسل کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ امن و سلامتی کو لاحق خطرات کے پیش نظر اجلاس طلب کرے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی باضابطہ درخواست پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ عالمی طاقتیں دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرانے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کر رہی ہیں تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم رکھا جا سکے۔
صدر سلامتی کونسل نے حالیہ پہلگام حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں