0

وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کا ای-خدمت مرکز بہاولپور کا دورہ، عوامی سہولتوں پر اظہارِ اطمینان

بہاولپور (نیا محاذ) – وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے 3 مئی کو ای-خدمت مرکز بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری کام اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں مرکز آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے اور یہاں جس محنت اور لگن سے کام ہو رہا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔
ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کو مقدم رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں موثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے اور ملک کی بہتری کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دانشمندانہ قیادت میں ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ای-خدمت مرکز ایک چھت تلے 160 سے زائد خدمات فراہم کر رہا ہے جو عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے مراکز کا قیام پورے پنجاب، خصوصاً جنوبی پنجاب میں، عوام کو فوری سہولیات کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ بن رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے ان کی کوششیں مثالی ہیں۔
ریاض پیرزادہ نے قومی یکجہتی اور افواج پاکستان کے ساتھ عوامی حمایت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہماری مسلح افواج دشمن کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں