0

لاہور ہائیکورٹ: ضمانتی کو ایک لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ کالعدم قرار

لاہور: (نیا محاذ) لاہور ہائیکورٹ نے ناجائز اسلحہ کے مقدمے میں ملزم کی عدم پیشی پر ضمانتی مچلکے جمع کروانے والے شہری پر عائد ایک لاکھ روپے جرمانے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس عبہر گل خان نے شہری کمیر خان کی اپیل پر چار صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں عدالت نے واضح کیا کہ ملزم کو ضمانت پر رہا کرنا عدالتی نظام کا بنیادی جزو ہے، اور اس سے نہ صرف افراد کی رہائی ممکن ہوتی ہے بلکہ جیلوں پر بوجھ کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ بہت سے افراد انسانی ہمدردی یا خدمت خلق کے جذبے سے ضمانتی مچلکے جمع کرواتے ہیں۔ اگر ملزم عدالت میں پیش نہ ہو تو صرف اسی بنیاد پر ضمانتی کو سزا دینا مناسب نہیں، خاص طور پر جب ملزم بعد میں عدالت میں پیش ہو جائے۔ اس صورت میں ضمانتی کی ذمہ داری مکمل ہو جاتی ہے، اور باقی معاملہ عدالت اور ملزم کے درمیان رہ جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ملزم کو ضمانت دی تھی، مگر عدالت میں عدم پیشی پر اس کے ضمانتی کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جو اب لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں