اسلام آباد: (نیا محاذ) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم صحافت پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ آئینِ پاکستان آزادیٔ اظہار رائے کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا معاشرے میں مکالمے کے فروغ، مسائل کے اجاگر کرنے اور رائے عامہ کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں اور سنسنی خیزی کے دور میں صحافیوں کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہیں، لہٰذا اعلیٰ صحافتی اقدار، درستی اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدر نے خاص طور پر مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں رپورٹنگ کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، اور کہا کہ ان کی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں صحافت پر پابندیاں اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کی جدوجہد لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے بدعنوانی کے خلاف اور محروم طبقات کی آواز بن کر کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے میڈیا ورکرز کے تحفظ، حقوق، تنخواہوں کی ادائیگی اور فلاح کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیک نیوز کے تدارک کے لیے میڈیا سے مل کر قوانین مرتب کیے گئے ہیں اور اس عمل میں صحافتی برادری کی مشاورت کو اہمیت دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صحافیوں کی آزادی، فلاح اور معلومات کی درست ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
