لاہور: (نیا محاذ) عالمی صحافتی تنظیم ’رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز‘ نے دنیا بھر میں آزادی صحافت کی صورتحال پر مبنی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کی رینکنگ میں نمایاں تنزلی ہوئی ہے۔
نئی رپورٹ کے مطابق، پاکستان 180 ممالک میں سے 158 ویں نمبر پر آ گیا ہے، جو گزشتہ سال کی رینکنگ 152 سے چھ درجے نیچے ہے۔ رپورٹ میں اس تنزلی کی اہم وجہ آزادی صحافت پر بڑھتی ہوئی پابندیاں قرار دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں دنیا بھر میں صحافیوں کو درپیش خطرات اور میڈیا پر بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق آمرانہ طرزِ حکومت رکھنے والے ممالک میڈیا پر اثر انداز ہونے کے لیے اقتصادی دباؤ کا استعمال کر رہے ہیں، جس کے باعث امریکا سمیت کئی ممالک میں خبررساں ادارے بند ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں بھارت میں میڈیا کی ملکیت چند بااثر سیاسی طبقات تک محدود ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جبکہ فلسطین میں صحافیوں کی شہادتوں کو تباہ کن قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج کے ہاتھوں تقریباً 200 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔
رپورٹ نے آزادیِ اظہارِ رائے اور صحافت کی آزادی کو دنیا کے جمہوری نظاموں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومتیں اس بنیادی حق کا احترام کرتے ہوئے میڈیا کی خودمختاری کو یقینی بنائیں۔
