0

خارکیف پر روسی ڈرون حملے، 50 افراد زخمی، رہائشی عمارتیں تباہ

ماسکو: (نیا محاذ) روسی افواج کی جانب سے یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر ڈرون حملوں میں 50 افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایک 11 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔ حملوں کے بعد علاقے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور متعدد رہائشی عمارتیں، گاڑیاں اور شہری انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا۔
خارکیف کے گورنر نے تصدیق کی کہ حملوں کی شدت غیر معمولی تھی، جس کے باعث شہر کے کئی حصوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ طبی ٹیمیں اور ریسکیو عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
خارکیف، جو روس کی سرحد کے قریب واقع ہے، جنگ کے آغاز سے ہی روسی حملوں کا مسلسل نشانہ بنا ہوا ہے۔ یہ تازہ ترین حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب امریکہ اور یوکرین کے درمیان معدنیات سے متعلق ایک متنازعہ معاہدہ طے پایا ہے، جس پر روس کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔
دوسری جانب جنگ بندی کے لیے مذاکراتی عمل بھی جاری ہے، مگر زمینی صورتحال تاحال کشیدہ ہے اور مستقبل قریب میں کسی بڑی پیشرفت کے آثار نظر نہیں آ رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں