نیویارک: (نیا محاذ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے عالمی برادری کو بھارت کے مکروہ چہرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں براہ راست ملوث ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان آزادی، عزت اور اپنی سرزمین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی پیدا کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا، بلکہ ہمیشہ امن و استحکام کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ اور کشمیر کی صورتحال میں حیران کن مماثلت ہے کیونکہ دونوں مقامات پر عوام کو غیر قانونی قبضے اور جبر کا سامنا ہے۔
مسئلہ کشمیر اور فلسطین عالمی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے
سفیر عاصم افتخار نے واضح کیا کہ کشمیر اور فلسطین دونوں عالمی مسئلے ہیں جنہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی قبضے کا عمل کشمیری اور فلسطینی عوام کو مسلسل دبا رہا ہے، اور عالمی برادری کو ان مظلوموں کی داد رسی کرنی چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اہم ملاقات
عاصم افتخار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال اور خطے میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان نے عالمی ادارے پر زور دیا کہ خطے میں قیام امن کے لیے بھارت کے اشتعال انگیز رویے کا نوٹس لیا جائے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر اگر کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
