0

اسپیس ایکس کا نیا سنگ میل: خلا میں مزید 28 انٹرنیٹ سیٹلائٹس روانہ

فلوریڈا: (نیا محاذ) سپیس ایکس نے خلا کی وسعتوں میں ایک اور کامیاب قدم رکھتے ہوئے مزید 28 انٹرنیٹ سیٹلائٹس زمین کے نچلے مدار میں روانہ کر دیے ہیں۔ یہ لانچ فلوریڈا کے کیپ کیناویرل اسپیس فورس اسٹیشن سے کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ V2 سیٹلائٹس سپیس ایکس کے اسٹارلنک نیٹ ورک کا حصہ ہیں، جن کا مقصد دنیا کے دور دراز علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔ اس مشن کے بعد زمین کے نچلے مدار میں موجود اسٹارلنک سیٹلائٹس کی تعداد تقریباً 7,300 سے تجاوز کر گئی ہے۔
سیٹلائٹس کو لے جانے والا فالکن 9 راکٹ شام 6:51 پر روانہ ہوا، جس کا پہلا فیول بوسٹر کامیابی سے بحر اوقیانوس میں موجود ڈرون شپ پر اتار لیا گیا۔ یہ بوسٹر، جس کا ٹیل نمبر 1080 ہے، 18 ویں مرتبہ استعمال ہوا، اور اس سے قبل بین الاقوامی خلائی اسٹیشن، یورپی خلائی ایجنسی، اور دیگر مشنز میں خدمات انجام دے چکا ہے۔
یہ اسپیس ایکس کا سال 2025 میں 51 واں مشن اور مجموعی طور پر 468 واں لانچ تھا، جبکہ یہ 440 واں موقع تھا جب کمپنی نے اپنے دوبارہ قابلِ استعمال بوسٹر سسٹم کا استعمال کیا۔
اس پیشرفت سے نہ صرف خلا میں انٹرنیٹ کی دستیابی میں وسعت آئے گی بلکہ یہ اسپیس ایکس کی مستقل ترقی اور کامیاب خلائی مشنز کی جھلک بھی پیش کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں