0

چین کا وائٹ پیپر جاری: “کورونا وائرس کا آغاز امریکا سے ممکن”

بیجنگ: (نیا محاذ) چین نے کورونا وائرس کی ابتدا سے متعلق نیا وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ اس عالمی وبا کا آغاز ممکنہ طور پر امریکا سے ہوا تھا، نہ کہ چین سے۔ اس مؤقف کو چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے تفصیل سے شائع کیا ہے۔
وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) اور چین کی مشترکہ تحقیق میں یہ بات واضح کی گئی تھی کہ وائرس کا چینی لیبارٹری سے پھیلنے کا امکان نہایت کم ہے۔ چین نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے وائرس کے آغاز کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی اور بین الاقوامی برادری کے جائز سوالات کا جواب دینے کے بجائے “اندھا بہرا” بننے کا رویہ اختیار کیا۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق تمام ضروری معلومات بر وقت عالمی ادارہ صحت اور دیگر ممالک کے ساتھ شیئر کی گئیں۔ وائٹ پیپر میں مزید کہا گیا ہے کہ شواہد اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ چین میں پہلا کیس رپورٹ ہونے سے پہلے ہی وائرس امریکا میں موجود تھا۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا مؤقف ہے کہ اب جب اگلے مرحلے میں وائرس کی ابتدا کی مزید تحقیق کی جائے، تو امریکا پر خاص توجہ دینا ضروری ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ امریکی حکومت نے ایک نئی ویب سائٹ لانچ کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ چینی شہر ووہان کی ایک لیبارٹری میں پیش آنے والا واقعہ ممکنہ طور پر عالمی وبا کا بنیادی سبب تھا۔
چین اور امریکا کے بیچ اس تنازع نے وبا کے آغاز کی وجوہات پر عالمی سطح پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں