کراچی: (نیا محاذ) قومی ایئر لائن پی آئی اے نے قبل از حج آپریشن کا آغاز کراچی سے کامیابی کے ساتھ کر دیا ہے، جہاں سے پہلی حج پرواز 397 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہو گئی۔
پی آئی اے کی پرواز PK-743 علی الصبح کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے نہ صرف عازمین کو رخصت کیا بلکہ انہیں پھولوں اور تحائف سے بھی نوازا۔ ایک سادہ اور باوقار تقریب میں پی آئی اے کے حکام نے حاجیوں کو رخصت کرتے ہوئے بہترین سہولیات کی فراہمی کا اعادہ کیا۔ عازمین نے بھی پی آئی اے کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اب تک ملک بھر سے 2,500 سے زائد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جا چکا ہے۔ اس حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ کراچی سے 7,200 سے زائد عازمین کو 39 خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس روانہ کیا جائے گا۔
پی آئی اے کا یہ قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، جس میں 117 خصوصی پروازوں کے ذریعے 35,200 سرکاری عازمین کو کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور کوئٹہ سے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
