کراچی: (نیا محاذ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
جمعہ کے روز اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 2900 سے زائد پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 14 ہزار 250 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
پہلے سیشن کے اختتام پر 100 انڈیکس 2627 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 13 ہزار 954 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس دوران 19 کروڑ 18 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 12 ارب 77 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ کاروباری دن میں 3545 پوائنٹس کی کمی کے باعث انڈیکس 1 لاکھ 11 ہزار 326 پوائنٹس تک گر گیا تھا، جو حالیہ دنوں کی کم ترین سطح تھی۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات، مالیاتی استحکام کی توقعات اور آئی ایم ایف مذاکرات میں مثبت پیش رفت کی خبروں نے مارکیٹ کو نئی جان بخشی ہے۔
