0

سندھ طاس معاہدہ: بھارت کی معطلی پر پاکستان کا سخت ردعمل، سفارتی نوٹس دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (نیا محاذ) پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی ذرائع سے باقاعدہ نوٹس دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے قانونی، آئینی اور سفارتی مشاورت مکمل کر لی ہے۔
انڈس واٹر کمیشن کے ذرائع کے مطابق، وزارت خارجہ، وزارت آبی وسائل اور وزارت قانون نے مل کر ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ نوٹس میں بھارت سے معاہدے کی معطلی کی ٹھوس وجوہات طلب کی جائیں گی تاکہ اس معاملے کو عالمی سطح پر قانونی بنیاد پر اٹھایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف عالمی فورمز پر مؤثر احتجاج ریکارڈ کروانے پر بھی غور کر رہی ہے، تاکہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر قانونی اور اخلاقی جواز حاصل ہو سکے۔ پاکستان اس معاہدے میں قانونی سبقت رکھتا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بھارت کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے کبھی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی، اور ہمیشہ عالمی قوانین کی پاسداری کی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ تمام فیصلے وفاقی کابینہ کی منظوری سے کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں