0

بھارت کی یوٹیوب سنسرشپ: وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر ہٹا دی گئی

اسلام آباد: (نیا محاذ) بھارت کی جانب سے ایک اور متنازع اقدام سامنے آیا ہے جہاں وزیراعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے بعد اُن کی کاکول اکیڈمی میں کی گئی پاسنگ آؤٹ تقریب کی تقریر کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام بھارت کی طرف سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان کی جانب سے حقائق منظر عام پر لانے کے ردعمل میں اٹھایا گیا۔ وزیراعظم کی تقریر یوٹیوب پر نشر ہونے کے بعد بھارتی حکومت کی شکایت پر یوٹیوب انتظامیہ نے ویڈیو کو ریموو کر دیا۔
یوٹیوب انتظامیہ نے اپنے مؤقف میں وضاحت کی ہے کہ وزیراعظم کی تقریر کے ہٹائے جانے کے خلاف اپیل کا حق محفوظ ہے، اور پاکستان اس فیصلے کو چیلنج کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے پہلے بھی بھارتی حکومت نے پاکستان کے 16 یوٹیوب چینلز اور متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھارت میں پابندی لگا دی تھی۔ ان اقدامات کا مقصد بھارتی حکومت کے جھوٹے دعوؤں اور فالس فلیگ آپریشنز کو بے نقاب کرنے سے روکنا بتایا جا رہا ہے۔
بھارتی اقدامات کا نشانہ صرف حکومتی چینلز ہی نہیں بلکہ پاکستانی فنکاروں اور مشہور شخصیات کے اکاؤنٹس بھی بنے، جن میں ارشد ندیم، فواد خان، ماہرہ خان، علی ظفر، سجل علی، صبا قمر اور ہانیہ عامر شامل ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی یہ سینسرشپ مہم دراصل اپنے اندرونی مسائل اور ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش ہے، اور اس سے اظہارِ رائے کی آزادی پر سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں