واشنگٹن: (نیا محاذ) امریکا نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے باہمی مسائل کو ذمہ دارانہ انداز میں حل کریں تاکہ طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ واشنگٹن دونوں ممالک کی حکومتوں سے مختلف سطحوں پر رابطے میں ہے اور جنوبی ایشیا کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ دونوں ممالک ایسا حل نکالیں جو پائیدار امن اور استحکام کا باعث بنے۔
ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کے روز پاکستانی وزیراعظم سے فون پر بات کی، جبکہ اسی روز انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی گفتگو کی۔ دونوں رابطوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا تھا۔
ٹیمی بروس نے مزید کہا کہ امریکا امید کرتا ہے کہ پاکستان اور بھارت اعتماد سازی اور تعاون کے اقدامات کے ذریعے خطے میں امن کو فروغ دیں گے، کیونکہ جنوبی ایشیا کا استحکام عالمی امن کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
