0

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب کی سیکرٹری جنرل سے ملاقات، جنوبی ایشیا میں امن پر زور

نیویارک: (نیا محاذ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن قائم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران سفیر عاصم افتخار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ موجودہ تناؤ کے خاتمے میں تعمیری کردار ادا کرے۔
عاصم افتخار آج نیویارک میں ایک اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے ہوگی۔ اس پریس کانفرنس میں وہ ممکنہ طور پر جنوبی ایشیا کی صورتحال اور بھارتی اقدامات سے متعلق عالمی برادری کو آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل انہوں نے او آئی سی گروپ کے سفیروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ بھارت سیاسی بنیادوں پر غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز اقدامات کر رہا ہے، جو کہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے اشتعال انگیز رویے کا نوٹس لے اور خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں